اقامہ ہولڈرز کی واپسی کے لیے پی آئی اے کی خصوصی پروازیں

اسلام آباد:سعودی عرب کی وزارت داخلہ کی جانب سے پاکستان سمیت کورونا وائرس سے متاثرہ دیگر ممالک میں اقامہ رکھنے والے شہریوں کو واپسی کے لیے 72 گھنٹوں کی مہلت دی گئی ہے جس کے تناظر میں پاکستان نے سعودی عرب کے لیے خصوصی پروازوں کا فیصلہ کیا ہے۔

 

پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز (پی آئی اے) کے ترجمان عبد اللہ حفیظ نے اردو نیوز کو بتایا کہ سعودی حکومت کے اعلان کے بعد فوری طور پر تین پروازیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایک پرواز اتوار کو اسلام آباد سے جدہ، دوسری سنیچر کو کراچی سے مدینہ اور تیسری بھی سنیچر کو کراچی سے جدہ کے لیے چلائی جائے گی۔‘ترجمان کے مطابق اس حوالے سے مزید پروازیں بھی ترتیب دی جا رہی ہیں۔ دوسری طرف پاکستانی دفتر خارجہ نے اپنے سفارتخانے اور قونصل خانوں میں خصوصی ہاٹ لائن قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے کہا ہے کہ ’پاکستانی شہریوں کی سہولت کے لیے سعودی عرب کے سفارت خانے اور قونصل خانوں میں ہاٹ لائن قائم کر دی گئی ہے۔‘کراچی میں اردو نیوز کے نامہ نگار توصیف رضی ملک کے مطابق پی آئی اے ترجمان نے مزید بتایا ہے کہ تین دن کا وقت کافی کم ہے، ابھی تو بہت سے مسافروں کو پتا بھی نہیں کہ ایسے کوئی احکامات آئے ہیں اور اس حوالے سے اضافی پروازیں چلیں گی۔

 

ٹریول ایجنٹ اور ٹور آپریٹرز کو سعودی حکومت کے احکامات کے حوالے سے کوئی سرکاری اعلامیہ موصول نہیں ہوا۔ ٹریول ایڈوائزر مناقب ارتقاء نے اردو نیوز کو بتایا کہ ابھی واٹس ایپ گروپس اور میسجز میں سعودی عرب کے نئے احکامات کے حوالے سے خبریں گردش کر رہی ہیں لیکن آفیشل اعلامیہ نہ ہونے کی وجہ سے لوگ شش و پنج کا شکار ہیں۔مناقب نے بتایا کہ اس وقت سعودی ائیر لائن کی روزانہ ایک پرواز کراچی سے روانہ ہوتی ہے اور فلحال تو اس میں سیٹیں دستیاب ہیں۔