افسوس کس مقام پر پہنچایا مراٹھواڑہ کی حالت کو
اوسہ میں جن سنگھرش یاترا سے اشوک چوہان کا خطاب
لاتور(محمدمسلم کبیر)2014 میں بی جے پی نے "کہاں لے جا کر رکھا میرے مہاراشٹر کو” کی اشتہار بازی کی تھی.لیکن آج خود بی جے پی نے جھوٹے تیقنات دے کر غلط طریقہ کار کا استعمال کرکے تمام ریاست مہاراشٹر کو مسائل کے جال میں پھنسا دیا ہےلہذہ آج کہاں لا رکھا ہے میرا لاتور, کہاں لا رکھا ہے میرا مراٹھواڑہ اور کس مقام پر پہنچایا ہے مہا راشٹر کو ان سوالات کے جوابات طلب کرنے کا وقت آگیا ہے. یہ بات مہاراشٹر پردیش کانگریس کے صدر اشوک راؤ چوہان نے بی جے پی حکومت کی غیر کارکردگی پیش کرتے ہوئے اوسہ میں کانگریس کی جانب سے جاری جن سنگھرش یاترا کے تیسرے مرحلے کے افتتاحی جلسے میں کہی.کانگریس کی سنگھرش یاترا آج اوسہ اور نلنگہ سے ہو کر شام 6 بجے لاتور پہنچے گی.لاتور ضلع کے شہر اوسہ میں جن سنگھرش یاترا میں پارلیمنٹ میں کانگریس کے قائد ملیکارجن کھرگے, سابق وزیر اعلی پرتھوی راج چوہان, سابق مرکزی وزراء, سشیل کمار شندے, شیوراج پاٹل چاکورکر, ےابق ریاستی وزراء بالا صاحب تھورات, محمدعارف نسیم خان, ہرشوردھن پاٹل امیت ولاس راؤ دیشمکھ, مدھوکر راؤ چوہان, سنیل کیدار, کانگریس کے ضلع صدر ایڈوکیٹ وینکٹ بیدرے, اور دیگر سرکردہ کانگریسی قائدین موجود تھے. اوسہ کے ایم ایل اے بسوراج پاٹل مورومکر نے جلسے کی افتتاحی تقریب میں بی جے پی حکومت کے عوام مخالف فیصلوں کو پیش کیا.اوسہ بس ڈپوکے احاطے میں منعقدہ جن سنگھرش یاترا میں عوام کی کثیر تعداد موجود تھی. اپنے خصوصی خطاب کے دوران ریاستی صدر اشوک چوہان نے بی جے پی حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت نے کل ریاست کے 180 تعلقوں میں قرب قحط سالی جیسی حالات کا اعلان کیا ہے. حالانکہ قرب قحط سالی جیسی حالات کا جواز ہی سرکاری طور پر نہیں ہے.اس حالت کو حالت زار کہا جاسکتا ہے.مگر حکمران جماعت نے اس لفاظی سے عوام کو بہلاتے رہنے کا نیا شوشہ شگوفہ چھوڑا ہے. تمام لاتور ضلع میں قحط سالی کی حالت ہے لیکن حکومت نے اس ضلع سے صرف ایک تعلقے کو قرب قحط سالی تعلقہ تسلیم کیا ہے جس سے تمام ضلع کی عوام کے ساتھ صریح مذاق ہے.ریاستی حکومت تمام مراٹھواڑے کی عوام کے ساتھ اس طرح کا بھنڈا مذاق کررہی ہے.یہ کہتے ہوئے اشوک راؤ چوہان نے بی جے پی حکومت سے سوال کیا کہ ” کس مقام پر لاکھڑا کر دیا ہے مراٹھواڑہ کو” انھوں نے سامعین سے کہا کہ جن سنگھرش یاترا عوامی حقوق اور ریاست مہاراشٹر کے مفاد میں نکالی گئی ہے. لاتور ضلع کی سیاسی شخصیات کی رہنمائی کا ذکر کرتے ہوئے انھوں نے آنجہانی ولاس راؤ دیشمکھ, شیوراج پاٹل چاکورکر اور شیواجی راؤ پاٹل نلنگیکر کے عوامی فلاحی کارکردگی کو پیش کیا.کانگریس کے ریاستی صدر اشوک راؤ چوہان نے حکومت کے آن لائین کاموں کو ترجیح دینے کا مذاق بناتے ہوئے کہا کہ عوام کو آن لائین بنانے کی تلقین کرنے والی حکومت خود آف لائین چل رہی ہے. ریاستی حکومت کے خزانے میں بجٹ ہی نہیں ہے لیکن سفید جھوٹ کا سہارا لے کر جھوٹی اشتہار بازی کرکےعوام کے ساتھ مذاق کررہی ہے. اشوک راؤ چوہان نے کہا کہ مرکزی حکومت مہاتما گاندھی, ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کے تصورات کا بھارت نہیں چاہتی بلکہ آر ایس ایس کے نظریات کے مطابق ملک کو ڈھالنے میں مشغول ہے. دھنگر سماج کے تحفظات کو برسر اقتدار آنے کے بعد پہلی نشست میں یقینی بنانے کا وعدہ کرکے بی جے پی حکومت اب مکر گئی ہے اور اس سماج کو ترقی کے درجات سے دور رکھنے میں کامیاب ہوگئی ہے.
اس موقع پرسابق ریاستی وزیر عارف نسیم خان نے مذہب اورمفادپرستی کی سیاست کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے مجلس اتحادالمسلمین سے دور رہنے کی صلاح دی. پارلیمنٹ میں کانگریس کے قائد ملیکارجن کھرگے اور شیوراج پاٹل چاکورکر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا.