اغوا کے بعد تین سال کی معصوم کی آبروریزی قبرستان کے نزدیک خون سے لت پت ملی ، حالت نازک
الہ آباد میں تین سال کی بچی کو اغوا کرنے کے بعد اس کی آبروریزی کا سنسنی خیز معاملہ سامنے آیا ہے ۔ متاثرہ بچی کو علاج کیلئے ضلع اسپتال میں بھرتی کرایا گیا ہے ، جہاں اس کی حالت نازک بنی ہوئی ہے ۔ پولیس نے اس معاملہ میں کیس درج کرکے جانچ شروع کردی ہے ۔ فی الحال ملزم کے بارے میں کوئی معلومات نہیں ملی ہے ۔ اس سلسلہ میں پولیس کو سی سی ٹی وی فوٹیج ملا ہے ۔ پولیس اب اسی فوٹیج کے سہارے ملزم کی شناخت کرنے کی کوشش میں مصروف ہوگئی ہے ۔
یہ واقعہ خلدآباد علاقہ میںپیش آیا ہے ۔ کریلی علاقہ کی ایک خاتون ہفتہ کی رات کو گھر کے باہر تین سال کی بیٹی کے ساتھ سو رہی تھی ، صبح آنکھ کھلنے پر اس نے بیٹی کو غائب پایا ، کافی تلاش کے بعد بھی بیٹی کا پتہ نہیں چلا ، تو خاتون نے اس کی پولیس سے شکایت کی ۔ پولیس نے چھان بین کے دوران بچی کو خلدآباد علاقہ میں ایک قبرستان کے باہر سے بے ہوشی کے عالم میں برآمد کیا ۔

علامتی تصویر
بچی کے جسم پرکپڑے نہیں تھے اور وہ خون سے لت پت تھی ۔ بچی کو علاج کیلئے ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے ، جہاں اس کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔ پولیس سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزموں کی شناخت کرنے کی کوشش کررہی ہے۔