اعظم خان سے ملاقات کے لئے اکھلیش یادواستپال پہنچے

0 18

نئی دہلی:یکم جون ۔(ایجنسیز) سماجوادی پارٹی کے قدآور لیڈر اعظم خان کی 27 مہینے بعد جیل سے رہائی کے بعد آج پارٹی سربراہ اکھلیش یادو نے ان سے ملاقات کی۔ رپورٹ کے مطابق اکھلیش یادو اعظم خان سے ملاقات کے لئے دہلی کے گنگا رام استپال پہنچے، جہاں وہ زیر علاج ہیں۔ میڈیا رپورٹوں میں اس ملاقات کے کئی سیاسی معنی اخذ کئے جا رہے ہیں اور اس ملاقات کی اہم کڑی کپل سبل کو قرار دیا جا رہا ہے۔

میڈیا رپورٹ میں کپل سبل کو اکھلیش کے لیے مشکل کشا قرار دیا جا رہا ہے، جو سماجوادی پارٹی کی حمایت سے راجیہ سبھا کے امیدوار بنے ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ اکھلیش اور اعظم کی اس ملاقات کو کپل سبل نے ہی ممکن بنایا ہے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس ملاقات کے بعد اکھلیش یادو اور اعظم خان کے بیچ کے فاصلے کم ہوں گے۔

خیال رہے کہ جیل سے باہر آنے کے بعد اعظم خان کی طبیعت خراب ہو گئی تھی جس کے بعد انہیں دہلی کے گنگا رام اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ حال ہی میں جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ فاروق عبداللہ نے بھی اعظم خان سے ملاقات کی تھی۔ ایسے میں ایس پی سربراہ اکھلیش یادو پر اعظم خان سے ملنے کا دباؤ بڑھتا جا رہا تھا، کیونکہ اعظم کے جیل سے باہر آنے کے بعد وہ ملاقات نہیں کر سکے تھے۔سابق مرکزی وزیر کپل سبل نے کانگریس سے علیحدہ ہو کر سیاست میں ایک نیا راستہ چنا ہے۔ ایس پی کی حمایت سے کپل سبل آزاد ممبر کی حیثیت سے راجیہ سبھا پہنچنے کے لیے میدان میں ہیں۔ انہوں نے اپنی نامزدگی بھی کی ہے۔ سبل بھلے ہی ایس پی کی سائیکل پر سوار نہ ہوئے ہوں لیکن اکھلیش یادو کے ساتھ ان کی قربت بڑھ رہی ہے۔