چنئی، 15 فروری (یواین آئی) اسٹار آف اسپنر روی چندرن اشون نے پہلی اننگز میں پانچ وکٹ حاصل کرنے کے بعد ہندوستان کی دوسری اننگز میں شاندار سنچری (106) مکمل کی جس کی بدولت ٹیم انڈیا نے اپنی دوسری اننگز میں 286 رن بنائے اور انگلینڈ کے سامنے دوسرے کرکٹ ٹسٹ میں جیت کے لئے 482 رن کا چیلنجنگ ہدف رکھا۔

ہندوستان نے پہلی اننگز میں 329 رن بنائے جبکہ انگلینڈ کی ٹیم 134 رن پر آوٹ ہوگئی تھی۔ ہندوستان کو پہلی اننگز میں 195 رن کی بڑی سبقت ملی تھی۔ ہندوستان نے اپنی دوسری اننگز میں پیر کے روز تیسرے دن ایک وکٹ پر 54 رن سے آگے کھیلنا شروع کیا اور اس کی اننگز 286 رن پر جاکر ختم ہوئی۔اشون نے شاندار بلے بازی کی اور 233 منٹ کریز پر رہ کر 148 گیندوں کا سامنا کیا اور اپنی سنچری میں 14 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ اشون نے کیریر کی پانچویں سنچری مکمل کی۔ان کی انگلینڈ کے خلاف یہ پہلی سنچری ہے۔ ان کی باقی چار سنچری ویسٹ انڈیز کے خلاف بنی ہے۔

ہندوستان نے صبح اپنی اننگز ایک وکٹ پر 54 رن سے آگے بڑھائی۔ روہت شرما نے 25 اور چتیشور پجارا نے سات رن سے آگے کھیلنا شروع کیا۔ ہندوستان کو صبح دوسرا جھٹکا جلد ہی لگ گیا جب پجارا اپنے کل کے اسکور پر رن آوٹ ہوگئے۔ پجارا گیند کو کھیلنے کریز سے باہر نکل آئے تھے اور گیند شارٹ لیگ پر پہنچی جہاں فیلڈر نے فوراً گیند وکٹ کیپر کو دی جنہوں نے پجارا کو رن آوٹ کردیا۔ ہندوستان کا دوسر اوکٹ 55 کے اسکور پر گرا۔