نینی تال: اتراکھنڈ کے وزیر اعلی پشکر سنگھ دھامی نے جمعرات کو کہا کہ ریاست میں جلد ہی یکساں سول کوڈ نافذ کیا جائے گا۔ اس کے لیے عمل آخری مرحلے میں ہے۔ یکساں سول کوڈ کا مسودہ تیار کرنے کے لیے ایک کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے۔

چمپاوت سے ضمنی انتخاب لڑنے کے اعلان کے بعد وزیر اعلیٰ دھامی نے پوری طرح چمپاوت اسمبلی پر توجہ مرکوز کر دی ہے۔ ایک ماہ میں وزیراعلی کا چمپاوت ضلع کا یہ تیسرا دورہ ہے۔ بنباسا سے ٹنک پور پہنچنے سے پہلے انہوں نے بنباسا سے ٹنک پور تک روڈ شو کیا۔ اس کے بعد ٹنک پور میں ایک بہت بڑے جلسہ عام سے خطاب کیا۔

انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت جلد ہی ہر سال غریب خاندانوں کو تین گیس سلنڈر مفت دے گی جیسا کہ انتخابی منشور میں وعدہ کیا گیا تھا۔ وزیر اعظم مودی ریاست کی ترقی کے لیے مسلسل کوشاں ہیں اور ان کے ویژن کے مطابق ریاست کی ترقی ہو رہی ہے۔ حکومت کی جانب سے بچوں کو ویکسین لگانے کے لئے جنگی بنیادوں پر تیاریاں کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ ان کی حکومت انتخابات سے قبل کیے گئے تمام اعلانات کو پورا کرے گی۔ ان کی حکومت سب کا ساتھ، سب کا وکاس کے اصول کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔ اس دوران انہوں نے چمپاوت کے لیے کئی اعلانات بھی کیے۔ انہوں نے کہا کہ ژالہ باری سے فصل کو ہونے والے نقصان کا ازالہ ڈیزاسٹر مد سے کیا جائے گا۔ ٹنک پور میں شاردا ندی کے کنارے واقع کتھول اور کچھہیل میں سیلاب سے بچاؤ کا کام کیا جائے گا۔