اسرائیل کاحلب کے ہوائی اڈے پرفضائی حملہ،پروازیں معطل؛شام کامیزائل مارگرانے کا دعویٰ

298

شام کے سرکاری ذرائع ابلاغ نے بتایا ہے کہ منگل کی شب اسرائیلی فوج نے شمالی شہرحلب کے ہوائی اڈے پرفضائی حملہ کیا ہے جس سے رن وے کو نقصان پہنچا ہے،وہ ناکارہ ہوگیا ہے اور اس کے بعد وہاں سے پروازیں معطل کردی گئی ہیں۔

شام کے فوجی ذرائع نے بتایا کہ اسرائیل نے بحر متوسط سے یہ نیا میزائل حملہ کیا ہے اور اس نے ساحلی شہراللذاقیہ کے مغربی علاقے سے مقامی وقت کے مطابق رات 8 بج کر 16 منٹ (1716 جی ایم ٹی) پر ہوائی اڈے پرمیزائل داغے ہیں۔

شام کے سرکاری خبررساں ادارے (سانا) نے قبل ازیں یہ خبردی تھی کہ شامی فضائی دفاع نے اسرائیلی فوج کے داغے میزائلوں کو روک لیا اور ان میں سے متعدد کومار گرایا ہے۔

اسرائیل کا ایک ہفتے سے بھی کم عرصے میں حلب یہ دوسرا مبینہ حملہ ہے۔31 اگست کو بھی اسرائیلی فوج نے ہوائی اڈے پر راکٹ داغے تھے جس کے نتیجے میں مادی نقصان ہوا تھا۔

علاقائی سفارتی اور انٹیلی جنس ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیل ایران کی جانب سے حزب اللہ سمیت شام اور لبنان میں اتحادیوں کو اسلحہ کی ترسیل کوروکنا اور اس مقصد کے لیے فضائی سپلائی لائنوں کے بڑھتے ہوئے استعمال کو ختم کرنا چاہتا ہے۔اس مقصد سے اس نے شام کے ہوائی اڈوں پرمیزائل اور راکٹ حملے تیزکردیے ہیں۔