اسرائیل پر پابندیاں لگائیں ،فرانسیسی ایم پیز کامطالبہ

171

پیرس: فرانس کے بائیں بازو کی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے 38 ارکان پارلیمنٹ اسرائیل کے فلسطینیوں کے خلاف مملکتی جرائم اور نسل پرساتہ اقدامات کی مذمت پر مبنی ایک قرارداد کے حق میں کھڑے ہو گئے۔ قرارداد میں اسرائیلی کو اسلحے کی فراہمی کے خلاف پابندی سمیت دیگر ضروری پابندیاں لگانے کا مطالبہ کرنے کے علاوہ فرانسیسی حکومت سے کہا گیا ہے کہ وہ فلسطینی ریاست کو تسلیم کرے۔اس قرار داد کونسل پرستوں کی طرف سے فلسطینیوں کے خلاف سرکاری مظالم کا عنوان دیا گیا ہے۔

اب تک فرانس کی قومی اسمبلی میں اس قرار داد کی 38 ارکان نے تائید کی ہے۔یہ تمام ارکان بائیں بازو کے نظریات رکھنے والی جماعتوں سے وابستہ ہیں۔

اسرائیلی مملکتی مظالم اور نسل پرستانہ جرائم کے خلاف تیار کی گئی قرارداد 13 جولائی کو کمیونسٹ رکن پارلیمنٹ جین پال لیکوک نے جمع کرائی تھی۔

تاہم جمعہ کے روزاس پر بحث شروع ہو گئی۔ قرارداد پر دستخط کرنے والوں میں فرانس کے سابق صدارتی امیدوار فابین روسیل کے علاوہ فرانس پراوڈ پارٹی اور گرین پارٹی کے ارکان نے بھی دستخط کیے ہیں ، تاکہ اسرائیلی ظلم و جبر کے خلاف اور فلسطینیوں کے حق میں آواز اٹھائی جاسکے اور بین الاقوامی سطح پر فلسطینیوں کے حقوق کے لیے آواز اٹھائی جائے۔قرار داد کے مسودے میں اسرائیلی حکومت اور اسرائیل کے سیاسی نظام کو ادارہ جاتی نسل پرستانہ قرار دیا گیا ہے۔

یہ بھی قرار دیا گیا ہے کہ یہ ایک قابض ریاست کے طور پر ابھر آئی ہے اور جبر اس کے سسٹم کا حصہ ہے جسے ایک خاص گروہ کنٹرول کرتا ہے جو فلسطینی عوام کے خلاف جرائم کا مرتکب ہوتا ہے اور انہیں اپنے قبضے میں رکھنا چاہتا ہے۔ واضح رہیکہ 1948 سے اسرائیلی سسٹم ناجائز انداز اور طریقوں سے وجود میں آیا ہے۔ جس کا مقصد یہودی آبادی کی فلسطینیوں پر بالا دستی قائم کرنا اور فلسطینیوں کی زمین پر قبضہ بڑھاتے چلے جانا ہے تاکہ فلسطینی عوام کو بے دخل کرتے ہوئے ان کی زمین پر یہودیوں کو آباد کیا جائے۔

قرار داد میں 1967 کی چھ روزہ جنگ کا بھی ذکر کیا گیا ہے جس کے نتیجے میں اسرائیل نے مغربی کنارے اور غزہ کی پٹی تک اپنے قبضے کو پھیلانے کی کوشش کی تھی۔ فرانس کے ارکان پارلیمنٹ کی طرف سے اس قرار داد میں یہ مطالبہ بھی کیا گیا ہے کہ اسرائیل کو اسلحہ کی سپلائی پر سخت پابندی عائد کی جائے۔قرار داد پر دستخط کرنے والے فرانسیسی ارکان پارلیمنٹ نے اپنی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فرانس فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان کرے۔