گزشتہ دو ماہ سے اسرائیلی فوج کی پرتشدد کارروائیوں میں مزید تیزی

غزہ: مقبوضہ فلسطین کے علاقے مغربی کنارے میں مختلف واقعات میں قابض اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 2 فلسطینی نوجوان شہید ہوگئے۔ میڈیاکے مطابق فلسطین میں گزشتہ دو ماہ سے جاری اسرائیلی فوج کی پْرتشدد کارروائیوں میں مزید تیزی آگئی ہے۔ مغربی کنارے میں الگ الگ واقعات میں مزید 2 فلسطینی نوجوانوں کو شہید کردیا گیا۔اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ ایک نوجوان فوجی چیک پوائنٹ پر لگی باڑ پھلانگنے کی کوشش کر رہا تھا، نوجوان کو تنبیہ کی گئی لیکن اس نے غیر قانونی کارروائی جاری رکھی جس پر فائرنگ کرکے نوجوان کو ہلاک کر دیا گیا۔اسی طرح دوسرے واقعہ میں ایک فلسطینی نوجوان نے یہودی آبادی میں داخل ہونے کی کوشش کی اسے بھی خبردار کیا گیا اور گرفتاری دینے کو کہا تاہم نوجوان دوڑتے ہوئے سیکورٹی فورسز کی جانب بڑھا جس کے باعث فورسز کو گولی چلانا پڑی۔واضح رہے کہ حالیہ چند دنوں سے مغربی کنارے میں آک پہاڑی کے اوپر واقع کمپاؤنڈ پر تنازعہ جاری ہے۔ یہ کمپاؤنڈ یہودیوں اور مسلمانوں دونوں کے لیے مقدس جگہ ہے۔