اسرائیلی جاسوس سیل کے ارکان کی گرفتاری ، ایران کا دعویٰ

تہران: نیم سرکاری ایرانی اسٹوڈنٹس نیوز ایجنسی نے بتایا کہ ایرانی پاسداران انقلاب نے ایک اسرائیلی انٹیلی جنس نیٹ ورک کے ارکان کی نشاندہی کے بعد اس کے متعدد ارکان کو حراست میں لیا ہے۔ پاسداران انقلاب کی پبلک ریلیشن سروس کے مطابق اسرائیل کی انٹیلی جنس سروس کی ہدایت پر مبینہ جاسوس سیل چوری‘ ڈاکہ زنی، نجی اور عوامی املاک کو تباہ کرنے، اغوا برائے تاوان اور ٹھگوں کے نیٹ ورک کے ذریعے من گھڑت اعترافات حاصل کرنے کی کوشش میں ملوث ہے۔دریں اثنا ایرانی انٹیلی جنس نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیل کے لیے جاسوسی میں ملوث ایک گروپ کو پکڑا گیا ہے جو ایرانی پاسداران انقلاب کے کرنل صیاد خدائی کے اتوار کے روز دارالحکومت تہران کے مرکز میں واقع ان کے گھر کے قریب قتل میں ملوث ہے۔اطلاعات کے مطابق ہلاک ہونے والے شخص کا تعلق قدس فورس سے تھا اور وہ اس سے پہلے شام میں لڑائیوں میں حصہ چکا تھا۔اس کے علاوہ سوشل میڈیا پر ایک تصویر بھی وائرل ہو رہی ہے جس میں مقتول کو ایرانی پاسداران انقلاب کی قدس فورس کے کمانڈر قاسم سلیمانی کے ساتھ دکھایا گیا تھا۔ قاسم سلیمانی کو چند سال قبل عراق کے دارالحکومت بغداد میں امریکہ کے ایک ڈرون حملے میں ہلاک کردیا گیا تھا۔ اسی تناظر میں ایرانی وزارتِ خارجہ نے خدائی کے قتل کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ تہران کو اپنے مقاصد کے حصول سے نہیں روکے گا۔ایران کی وزارت خارجہ نے اس قتل کے پیچھے اسرائیل سے منسلک عناصر کو واضح طور پر ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔

Leave a comment