اجتماعی طور سے نماز ادا کرتے ہوئے دو درجن سے زیادہ افراد گرفتار

چتوڑگڑھ، 03 اپریل (یو این آئی)راجستھان میں چتوڑ گڑھ ضلع کے نمباہیڑا میں جمعہ کو لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اجتماعی طور سے نماز ادا کرتے ہوئے دو درجن سے زیادہ نمازیوں کو پولس نے گرفتار کرلیا ہے جبکہ ایک نوجوان کو کرونا وائرس کے سلسلے میں افواہ پھیلانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔


ایڈیشنل پولس سپرنٹنڈنٹ سریتا سنگھ نے بتایا کہ دوپہر میں نمباہیڑا نگر میں نورمحل روڈ پر واقع مسجد میں اجتماعی طور سے نماز ادا کرنے کی اطلاع ملنےپر کوتوالی تھانہ انچارج ہریندر سنگھ سوڈاھا نے جائے واقع پر پہنچ کر وہاں سے تقریبا تیس لوگوں کو حراست میں لے لیا ہے اور مسجد خالی کروالی ہے۔ کوتوالی تھانہ پر ان سبھی کے خلاف لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر سیکشن 188 کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔


ایک دیگر واقعہ می نمباہیڑا کوتوالی پولس نے سوشل میڈیا پر ایک شخص کو کرونا پازیٹیو بتانے کی افواہ پھیلانے پر ایک نوجوان رنویرسنگھ کو گرفتار کیا ہے۔ ضلع میں اس طرح کے افواہ پھیلانے کا یہ دوسرا معاملہ ہے۔ جمعرات کو چتوڑگڑھ میں افواہ پھیلانے پر پانچ نوجوانوں کو گرفتار کیا گیاتھا۔