ردرا پور ( اترکھنڈ ) اترکھنڈ کے اودھم سنگھ نگر میں ایک شخص کو ہجوم نے پیٹ پیٹ کر ہلاک کردیا اور اس پر الزام عائد کیا کہ وہ حالت نشہ میں ایک مندر کے پنڈال میں گھسنے کی کوشش کر رہا تھا جہاں ایک مذہبی تقریب چل رہی تھی ۔ یہ واقعہ کل پیش آیا تھا ۔ متوفی کی جانی ساگر کی حیثیت سے شناخت کی گئی تھی اور وہ پنڈال کے باہر روڈ پر تین گھنٹوں تک درد و تکلیف میں پڑا رہا لیکن کسی نے اس کی مدد نہیں کی ۔ سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس ڈی ایس کنور نے وہاں سی سی ٹی وی فوٹیج کے حوالے سے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ جب اس کی تکلیف کو کچھ راہگیروں نے محسوس کیا تو اسے دواخانہ منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرس نے اسے مردہ قرار دیا ۔پولیس کے بموجب متوفی حالت نشہ میں تھا اور پنڈال کے قریب کچھ افراد سے اس کی تکرار ہوگئی تھی جنہوں نے اسے پیٹ کر باہر پھینک دیا تھا ۔ ایس ایس پی نے بتایا کہ متوفی فرد کی اہلیہ کی شکایت پر نامعلوم افراد کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعہ ملزمین کی شناخت کی کوشش کی جا رہی ہے ۔


اپنی رائے یہاں لکھیں