صنعاء : یمن میں آئینی حکومت کی معاونت کرنے والے عرب اتحاد کے اعلان کے مطابق اتوار کو صنعاء میں حوثی ملیشیا کے زیر انتظام ایک عسکری کیمپ کو نشانہ بنایا گیا۔ علاوہ ازیں ایک ورکشاپ کو بھی تباہ کر دیا گیا۔ یہ ورکشاپ بیلسٹک میزائلوں کی اسمبلنگ اور ڈرون طیاروں کو دھماکہ خیز مواد سے لیس کرنے کے واسطے استعمال ہوتا تھا۔اتحادی افواج کے لڑاکا طیاروں نے ایک سے زیادہ علاقوں میں حوثی ملیشیا کے ٹھکانوں اور عناصر کو نشانہ بنایا۔ اس دوران مارب کے محاذ پر حوثیوں کے عناصر اور ساز و سامان کے علاوہ غیر ملکی ماہرین کو بھی نشانہ بنایا گیا جو وہاں فضائی دفاعی نظام چلانے پر کام کر رہے تھے۔ اسی طرح اتحادی افواج نے صنعاء میں گولہ بارود سے بھرے ڈرون طیاروں کے گوداموں اور عمران اور الحدیدہ میں حوثی ملیشیا کے ٹھکانوں پر بھی شدید حملے کیے۔لڑائی کے محاذوں پر یمنی فوج اور یمنی قبائل کو سپورٹ کرنے کے لیے اتحادی طیاروں نے مارب، صنعاء ، تعز، الحدیدہ اور عمران میں کئی محاذوں پر حملوں کا سلسلہ جاری رکھا۔یمنی فوج نے تعز صوبے کے جنوب میں نئے ٹھکانے آزاد کرانے کا اعلان کیا۔


اپنی رائے یہاں لکھیں