اب ’ہند سٹی‘ کے نام سے جانا جائے گا یو اے ای کا ’المنہاد‘ ضلع، وزیر اعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم کا فیصلہ

ہندوستان میں ریلوے اسٹیشنوں، شہروں اور سڑکوں کا نام بدلنے کا سلسلہ جاری ہے اور اس پر کئی بار حکومت کو سخت اعتراضات کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے۔ لیکن نام بدلنے کا عمل صرف ہندوستان ہی نہیں، دیگر ممالک میں بھی لگاتار دیکھنے کو ملتا ہے۔

تازہ معاملہ یو اے ای (متحدہ عرب امارات) کا ہے جہاں المنہاد ضلع کا نام بدل دیا گیا ہے۔ یو اے ای کے نائب صدر اور وزیر اعظم شیخ محمد بن راشد المکتوب نے گزشتہ 29 جنوری کو المنہاد ضلع اور اس کے آس پاس کے علاقوں کا نام بدل کر ’ہند سٹی‘ کر دیا ہے۔

یو اے ای کی آفیشیل نیوز ایجنسی ڈبلیو اے ایم نے ’المنہاد‘ ضلع کا نام بدلنے سے متعلق جانکاری دی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ’ہند سٹی‘ کا علاقہ 83.9 کلومیٹر کے علاقہ میں پھیلا ہوا ہے اور یہ جگہ کئی اہم سڑکوں سے منسلک ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ہند سٹی شہر کو چار حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے– ہند 1، ہند 2، ہند 3، اور ہند 4۔ ہند سٹی امیرات روڈ، دبئی۔العین روڈ اور جبل علی الحباب روڈ جیسی اہم سڑکوں سے جڑا ہوا ہے۔

واضح رہے کہ شیخ محمد بن راشد المکتوم، جنھوں نے المنہاد ضلع کا نام بدل کر ہند سٹی کرنے کا فیصلہ لیا، وہ یو اے ای کے نائب صدر، وزیر اعظم اور وزیر دفاع ہونے کے ساتھ ساتھ دبئی کے حکمراں بھی ہیں۔