BiP Urdu News Groups

ناندیڑ:18نومبر۔(ورق تازہ نیوز)ونچت اگھاڑی اب کبھی مجلس اتحادالمسلمین سے اتحاد نہیں کرے گی ۔ہندوووٹرس نے ووٹ دے کر امتیاز جلیل کو رکن پارلیمنٹ بنایا ۔ لیکن اب دیکھیں وہ لوگوں کی گالیاں کھارہے ہیں ۔اسلئے اب توبھی گریجویٹ حلقہ انتخاب میں بہوجن ونچت اگھاڑی کے امیدوار کو ووٹ دے کر کامیاب بناکر تعلیمی شعبہ میں ہونے والی دھوکہ دہی کو روکا جائے۔

اس طرح کا اظہار خیال بہوجن ونچت اگھاڑی کے لیڈر ایڈوکیٹ پرکاش امبیڈکر نے آج ناندیڑمیں منعقدہ پریس کانفرنس میں کیا ۔ مراٹھواڑہ حلقہ انتخاب کے ونچت اگھاڑی کے امیدوار کی تشہیری مہم کے ضمن میں آج 18نومبر کوپرکاش امبیڈکرناندیڑ کے دورے پر تشریف لائے تھے۔مجلس کے ساتھ لوک سبھاانتخابات میں انتخابی مفاہمت کئے جانے کے بارے میںامبیڈکر نے کہاکہ اس وقت ایم آئی ایم کے سوائے ملک میں مسلمانوں کاکوئی دوسراچہرہ نہیں تھااسلئے اُن کے ساتھ اتحاد کیاگیا اورانھیں قومی سطح پر لے جانے کی کوشش کی گئی لیکن اب ایم آئی ایم کے ساتھ کبھی انتخابی مفاہمت نہیں کی جائے گی ۔اس پریس کانفرنس میں ونچت کے ریاستی ترجمان فاروق احمد‘انجینئر انگولے کے علاوہ دیگر لیڈران بھی موجود تھے۔