’ائیر اسٹرائیک‘ سے پی ایم نریندر مودی کے حق میں لہر: بی جے پی لیڈر یدی یورپّا

ائیر اسٹرائیک: بی جے پی لیڈر یدی یورپّا کے شرمناک بیان کی ’اَپنوں‘ نے بھی کی تنقید

مودی کابینہ میں وزیر جنرل وی کے سنگھ نے کرناٹک بی جے پی صدر یدی یورپّا کے بیان کی پرزور تنقید کی ہے اور کہا ہے کہ’’ حکومت کا قدم ملک اور شہریوں کی سیکورٹی کے لیے ہے نہ کہ کچھ اضافی سیٹ جیتنے کے لیے۔‘‘

ہندوستانی فضائیہ کے ذریعہ پاکستان میں دہشت گرد ٹھکانوں پر کیے گئے ’ائیر اسٹرائیک‘ سے متعلق کرناٹک کے سابق وزیر اعلیٰ اور بی جے پی ریاستی صدر بی ایس یدی یورپّا نے جو سیاسی تبصرہ کیا اس کے بعد وہ اپنوں کے بھی نشانے پر آ گئے ہیں۔ مودی کابینہ میں وزیر وی کے سنگھ نے انھیں سختی کے ساتھ نصیحت دی ہے کہ وہ ایسے کشیدہ ماحول میں سیاست نہ کریں۔ اس تعلق سے جنرل وی کے سنگھ نے ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں انھوں نے لکھا ہے کہ ’’بی ایس یدی یورپّا جی، میں آپ سے متفق نہیں ہوں۔ ہم ایک ملک کی شکل میں کھڑے ہیں۔ ہماری حکومت کے ذریعہ اٹھائے گئے قدم ملک کی سیکورٹی اور شہریوں کی حفاظت کے لیے ہیں نہ کہ کچھ اضافی سیٹ جیتنے کے لیے۔‘‘

دراصل بی ایس یدی یورپّا نے 27 فروری کو کرناٹک کے چتردرگ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’’پاکستان کے دہشت گرد ٹھکانوں پر ہندوستانی ’ائیر اسٹرائیک‘ سے پی ایم نریندر مودی کے حق میں لہر پیدا ہو گئی ہے۔ اس سے بی جے پی کو لوک سبھا انتخاب 2019 میں کرناٹک میں فائدہ ہوگا اور 28 میں سے 22 سیٹیں جیتنے میں مدد ملے گی۔‘‘ یدی یورپّا کے اس بیان کے بعد سے ہی انھیں کئی سیاسی لیڈروں اور میڈیا پر بھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور اب ان کے ’اپنے‘ وی کے سنگھ نے بھی تقریباً ڈانٹ لگاتے ہوئے کہہ دیا کہ ’’ہماری حکومت کے ذریعہ اٹھائے گئے قدم ملک کی سیکورٹی اور شہریوں کی حفاظت کے لیے ہیں نہ کہ کچھ اضافی سیٹ جیتنے کے لیے۔‘‘

یدی یورپّا کے بیان کے بعد جن لوگوں نے ان کے بیان کی پرزور مذمت کی ان میں معروف صحافی برکھا دَت بھی شامل ہیں۔ ایک ٹوئٹ میں انھوں نے بی جے پی لیڈر کے بیان کو فوج اور جانباز فوجیوں کی بے عزتی قرار دیا ہے۔ انھوں نے واضح لفظوں میں لکھا ہے کہ ’’ یدی یورپّا کے ذریعہ بالاکوٹ ائیر اسٹرائیک کی وجہ سے کرناٹک میں پارٹی کے 22 لوک سبھا سیٹ حاصل کرنے کا بیان وِنگ کمانڈر ابھینندن اور پلوامہ میں شہید 40 سی آر پی ایف جوانوں کی بے عزتی ہے۔‘‘

کانگریس لیڈر رندیپ سنگھ سرجے والا نے یدی یورپّا کے مذکورہ بیان کو سامنے رکھ کر پی ایم مودی اور مرکزی وزیر ارون جیٹلی کے سامنے سوال داغ دیا ہے۔ انھوں نے نیوز18 کی ایک خبر کا لنک شیئر کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا ہے اور سوال پوچھا ہے کہ حکومت جنگ اور ماحول میں کشیدگی سیاسی فائدہ حاصل کرنے کے لیے پیدا کر رہی ہے۔ کرناٹک کے وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کماراسوامی نے بھی یدی یورپّا کے بیان کے لیے انھیں تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور انتخابی فائدہ حاصل کرنے کے لیے جوانوں کی شہادت کا استعمال کرنے کو شرمناک قرار دیا ہے۔

Leave a comment