آ ل انڈیا ریڈیو کے مشہور براڈ کاسٹر انوار احمد خاں کا انتقال
لکھنو:مشہور براڈکاسٹر انوار احمد خاں کا آ ج یہاں طویل علالت کے بعد 63 برس کی عمر میں انتقال ہوگیا۔ پسماندگان میں اہلیہ نسرین ہاشمی کے علاؤہ ایک بیٹا فیصل انوار اور ایک بیٹی فرح خان ہیں۔ وہ کینسر کے عارضہ میں مبتلا تھے۔انواراحمدخاں کی پیدائش 25 دسمبر 1957 کو بہار کے سیتا مڑھی ضلع میں ہوئی تھی۔
انھوں نے 1975 میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے اردو میں ایم اے کیا تھا۔ بطور براڈکاسٹر انھوں نے اپنے کیریئر کا آغاز 1984 میں آ ل انڈیا ریڈیو اورنگ آباد سے کیا۔ وہ گورکھپور،لکھنؤ،سری نگر، بھوپال ریڈیو اسٹیشنوں سے وابستہ رہے۔ بھوپال اسٹیشن سے بطور ڈائریکٹر وابستگی کے دوران انھیں وزیراعلی مدھیہ پردیش نے ھندی سیوا سمان سے نوازا۔
وہ دسمبر 2017 میں آل انڈیا ریڈیو کی غیر ملکی نشریات کے شعبے سے سبکدوش ہوئے۔انوار احمد خاں ایک انتہائی مہذب اور باوقار شخصیت تھے اور انھوں نے ایمانداری اور جفاکشی کے ساتھ اپنا سفر پورا کیا۔ ان کے انتقال سے علمی ادبی اور صحافتی حلقوں میں رنج و غم کی لہر ہے۔