آکولہ میں فلائنگ کلرس فاؤنڈیشن کی جانب سے روزگار مہم کا آغاز

لاک ڈاؤن سے متاثرہ افراد کو مستقل روزگار فراہم کرنا ہمارا اصل مقصد -ڈاکٹر زبیر ندیم

اکولہ:کورونا وائرس کے باعث ملک میں لگائے گئے لاک ڈاؤن کی وجہ سے عام لوگوں کو بہت سی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا – کاروبار بند ہونے کی وجہ سے کئی لوگ ابھی بھی روزگار کی تلاش میں ادھر ادھر گھوم رہے ہیں لیکن پیسہ نہ ہونے کی وجہ سے دوبارہ مستقل روزگار شروع کرنا ان کے لیے بہت مشکل ہو گیا ہے ۔

اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے آکولہ میں فلائنگ کلرس ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے روزگار مہم کا آغاز کیا ہے جس میں لاک ڈاؤن سے متاثرہ افراد کو دوبارہ مستقل روزگار سے لگانے کیلۓمالی امداد دی جارہی ہے ۔ فاؤنڈیشن کے صدر ڈاکٹر زبیر ندیم نے بتایا کہ چھوٹے موٹے کاروبار کرنے والے افراد کو فاؤنڈیشن کی جانب سے روزگار سے لگانے کے لئے ضرورت کا سامان جیسے سلائی مشین، ہاتھ گاڑی،سائیکل رکشہ وغیرہ اور دیگر ضروری سامان دیا جا رہا ہے جس کی مدد سے وہ اپنا روزگار جاری رکھ سکیں – اس روزگارمہم کے لئے ایک تحقیقاتی ٹیم بھی تشکیل دی گئی ہے جو مستحقین تک پہنچ کر ان کی باقاعدہ تحقیق کرتی ہے اور حسب ضرورت ان کی مدد کرتی ہے ۔ اس مہم کے ذریعہ اب تک کئی لوگوں کو روزگار سے لگانے میں مدد دی جا چکی ہے اور آئیندہ بھی اسے برقرار رکھنے کا فیصلہ فاؤنڈیشن کے ذمہ داران نے کیا ہے ‌۔

روزگار مہم کے علاوہ فلائنگ کلرس فاؤنڈیشن کی جانب سے چلائے جانے والے روٹی بینک، کپڑا بینک،طبی امدادی مرکز اور دیگر سماجی کام بھی قابل ستائش ہیں ۔ فاؤنڈیشن کے ذمہ داران نے اہل خیر حضرات سے تعاون کرنے کی اپیل بھی کی ہے جسکے لئے 9881716686 نمبر پر رابطہ کیا جا سکتا ہے – ان تمام کاموں میں فاؤنڈیشن کے صدر ڈاکٹر زبیر ندیم،ڈاکٹر مجاہد احمد،ڈاکٹر سروش الرحمن،ریاض احمد سر، عبدالرحیم سر،ریاض خان، سید محسن علی،رضوان جمیل خان،محمد عبید،محمد ندیم،عبید کاظم اور محمد سمیر نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں –