آنجہانی شنکر راﺅ چوہان نے اپنی زندگی سادگی سے گذاری تھی

خصوصی انٹرویو میں ریاستی وزیر اشوک چوہان نے کیئے کئی خلاصے
ناندیڑ۔ 16فروری : آنجہانی شنکر راﺅ چوہان ےہ اُصول پسند تھے اور انہوں نے اپنی زندگی سادگی سے گذاری۔ ریاست کے دو بار چیف منسٹر رہنے کے باوجود ممبئی میں اُن کا خود کا گھر موجود نہیں تھا۔ اس طرح کا خلاصہ اُن کے فرزند و ریاستی وزیر اشوک چوہان نے کیا۔ سابق مرکزی وزیرِ داخلہ و سابق چیف منسٹر مہاراشٹر آنجہانی شنکر راﺅ چوہان کی پیدائش کے صدی تقاریب کے ضمن میں گذشتہ کل اشوک چوہان اور اُن کی اہلیہ امیتا چوہان کے میگا انٹرویو کا انعقاد کیا گیا تھا۔

یشونت کالج کے گراﺅنڈ پر فلم اسٹار و سابق چیف منسٹر ولاس راﺅ دیشمکھ کے فرزند رتیش دیشمکھ نے چوہان جوڑے کا انٹرویو لیا۔ اشوک چوہان اور اُن کی اہلیہ امیتا چوہان نے اپنی خانگی زندگی کے متعلق کئی باتوں کا انکشاف اس موقع پر کیا اور بتایا کہ ان دونوں نے کالج کے دور میں محبت کی اور گھر والوں نے دونوں کی پسند کا خیال رکھتے ہوئے اُن کی شادی دھوم دھام سے کرائی۔ امیتا چوہان نے کہا کہ شنکر راﺅ چوہان اور کسم تائی چوہان نے کبھی اُنہیں ماں باپ کی کمی کا احساس ہونے نہیں دیا اور انہیں اپنی بیٹی کی طرح محبت سے نوازا تھا۔ اشوک چوہان نے کہا کہ طالب علم کے دور میں انہوں نے کبھی اسکول یا کالج میں اپنے دوستوں پر اپنے والد سیاسی لیڈر ہونے کا رعب نہیں ڈالا۔

کئی دوست تو ان کے والد چیف منسٹر ہے اس سے بھی واقف نہیں تھے۔ ایک پروگرام کی فوٹو شائع ہونے کے بعد اُن کے دوستوں کو پتہ چلا کہ اشوک چوہان کے والد ایک بڑے لیڈر ہیں۔ اشوک چوہان نے اپنے طالب علم دور کے قصے سنائے اور اپنے والد آنجہانی شنکر راﺅ چوہان کی سیاسی زندگی پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ چیف منسٹر عہدہ سے علیحدہ ہونے کے بعد ان کے والد کے ہمراہ وہ کئی دن تک ایم ایل اے ہاسٹل کے ایک روم میں اپنی ماں اور فیملی کے ساتھ زندگی گذارے۔ شنکر راﺅ جی چوہان انتہائی اصول پسند اور ایمان دار لیڈر رہے۔ اُن کا خود کا ممبئی میں گھر نہیں تھا۔ عام لوگوں کے لئے وہ ہمیشہ فکر مند رہتے تھے۔ مراٹھواڑہ کی ترقی کے لئے انہوں نے کئی سینچائی پروجیکٹ قائم کئے۔ آبپاشی محکمہ کے ذریعہ سے کسانوں کو بڑی راحت پہنچانے کا انہوں نے کام کیا۔ مراٹھواڑہ کے ساتھ مہاراشٹر کی ترقی پر بھی انہوں نے ہمیشہ زور دیا ۔ اشوک چوہان نے اپنے سیاسی اُتار چڑھاﺅ کا بھی اس موقع پر تذکرہ کیا اور کہا کہ کالج کے دور میں بھی ان کا مقابلہ اے بی وی پی سے رہا اور سیاسی زندگی میں آج بھی ان کا مقابلہ بی جے پی سے ہے۔ انہوں نے اپنی زندگی کے غم و خوشی کے لمحات کا تذکرہ کرتے ہوئے اُس پر روشنی ڈالی۔ پہلی بار ناندیڑ شہر میں آپ بیتی طرز کا ےہ انٹرویو منعقد ہوا۔ تقریبا ۲ گھنٹوں تک اشوک چوہان اور امیتا چوہان نے مختلف سوالات کا جواب دیا اور اپنی زندگی کے مختلف پہلو پر روشنی ڈالی۔ اس میگا انٹرویو کو دیکھنے کے لئے ضلع بھر سے ہزاروں کا ہجوم اُمڈ پڑا تھا۔ اس انٹرویو میں ضلع پریشد صدر منگا رانی امبولگے کر‘ میئر دکشا دھبالے‘ ضلع کلکٹر ارون ڈونگرے‘ ضلع پریشد چیف آفیسر اشوک کاکڑے‘ ضلع ایس پی وجئے کمار مگر‘ یونیورسٹی کے وائس چانسلر اُدھو بھوسلے‘ ایم ایل سی امر ناتھ راجورکر‘ سابقہ وزیر ڈی پی ساونت‘ کی خصوصی شرکت تھی۔