‘آسکر ایوارڈ 2023: بھارت نئی تاریخ رقم کرسکتا ہے،پہلی بار تین نامزدگیاں
‘آسکر 2023ایوارڈ کی تقریب ‘ ہندوستان کے لیے بہت خاص ہے۔ 95 ویں اکیڈمی ایوارڈز کی تقریب میں تین ہندوستانی فلموں کو نامزدگی ملی ہے۔ ایس ایس راجامولی کی سپرہٹ فلم ‘آر آر آر’ کے گانے ‘ناتو ناٹو’ کو ‘اوریجنل سانگ’ کیٹیگری میں نامزد کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ دستاویزی فلم ‘آل دیٹ بریتھز’ کو ‘دستاویزی فیچر فلم’ کے زمرے میں نامزد کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ دستاویزی فلم ‘دی ایلیفینٹ وِسپررز’ کو بہترین دستاویزی فلم کے زمرے میں نامزد کیا گیا تھا۔
نامزدگی کے علاوہ بالی ووڈ اداکارہ دیپیکا پڈوکون کو ‘آسکر 2023’ کی پیشکش کرنے والوں کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔ 95ویں آسکر ایوارڈز کی تقریب میں صرف چند گھنٹے رہ گئے ہیں، جسے فلم انڈسٹری کا سب سے بڑا ایوارڈ قرار دیا جاتا ہے۔ آسکر کو فن اور سنیما کی دنیا میں باوقار ایوارڈ کے طور پر جانا جاتا ہے۔ تجربہ کار اداکاروں سے لے کر چائلڈ اداکاروں تک، یہ ایوارڈ ان کے دلوں میں ایک خاص مقام رکھتا ہے۔