ئی دہلی، 26 فروری (یو این آئی) الیکشن کمیشن نے جمعہ کے روز مغربی بنگال اور آسام سمیت چار ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام خطہ پڈوچیری میں اسمبلی انتخابات کا اعلان کردیا چیف الیکشن کمشنر سنیل اروڑا نے یہاں پریس کانفرنس میں مختلف مراحل پر آسام ، مغربی بنگال ، کیرالہ اور تمل ناڈو اور پڈوچیری میں ووٹنگ کی تاریخوں کا اعلان کیا۔ آسام میں تین مراحل میں اور سیاسی طور پر زیر بحث مغربی بنگال میں آٹھ مراحل میں پولنگ کرانے اعلان کیا گیا۔ تمل ناڈو ، کیرالہ اور پڈوچیری میں ایک مرحلے میں انتخابات ہوں گے۔

انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں 27 مارچ کو ووٹ ڈالے جائیں گے جبکہ آخری مرحلہ 29 اپریل کو ہوگا۔ تمام حلقوں کے ووٹوں کی گنتی 2 مئی کو ہوگی۔ ایک ہی مرحلے میں 6 اپریل کو تامل ناڈو ، کیرالہ اور پڈوچیری میں پولنگ ہوگی۔

مسٹر اروڑا کے مطابق آسام میں پہلے مرحلے کے انتخابات کے لئے 2 مارچ کو نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا ، جبکہ دیگر دو مراحل کے لئے نوٹیفکیشن 5 مارچ اور 10 مارچ کو جاری کیا جائے گا۔ اس ریاست میں 27 مارچ ، یکم اپریل اور 6 اپریل کو پولنگ ہوگی۔

ان تمام ریاستوں کی 824 اسمبلی نشستوں پر انتخابات ہوں گے، جن میں 18.86 کروڑ ووٹرز اپنا حق رائے دہی کا استعمال کریں گے۔ اس کے لئے دو لاکھ 70 ہزار پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔مسٹر اروڑا نے کہا کہ انتخابی کام کرنے والے تمام افسران اور ملازمین کو فرنٹ لائن واریر سمجھا گیا ہے۔

مغربی بنگال میں 27 مارچ ، یکم ، چھ ، 10 ، 17 ، 22 ، 26 اور 29 اپریل کو آٹھ مراحل میں انتخابات ہوں گے۔ اس ریاست میں ووٹنگ کے پہلے مرحلے کے بارے میں نوٹیفکیشن 2 مارچ کو جاری کیا جائے گا۔

آسام حکومت کا دور اقتدار 31 مئی ، مغربی بنگال حکومت 30 مئی کو، کیرالہ حکومت کی میعاد یکم جون کو ، تمل ناڈو حکومت کی میعاد 24 مئی کو اور پڈوچیری کی میعاد 8 جون کو ختم ہورہی ہے۔

آسام میں 126 اسمبلی نشستوں کے لئے پولنگ ہوگی جبکہ مغربی بنگال میں 294 ، کیرالہ کی 140 نشستوں ، تمل ناڈو کی 234 نشستوں اور پڈوچیری میں 30شستوں کے لئے پولنگ ہوگی۔
مسٹر اروڑا نے کہا کہ پرامن ، منصفانہ اور آزادانہ رائے دہندگی کے لئے تمام ریاستوں میں ٹھوس انتظامات کیے گئے ہیں۔ کووڈ رہنما خطوط کو پورے انتخابی عمل میں پوری طرح سے عمل پیرا ہونا یقینی بنایا جائے گا۔ صرف پانچ افراد کو گھر گھر جاکر تشہیر کے لئے جمع ہونے کی اجازت ہوگی۔