آرین خان کیس، تحقیقاتی عہدیدار وانکھیڑے کے خلاف کرپشن کا کیس درج
ممبئی:12 /مئی۔ ( ورقِ تازہ نیوز)شاہ رخ خان کے بیٹے آرین خان اور کروز ڈرگس کا معاملہ ایک بار پھر سرخیوں میں ہے۔ اس کیس میں نارکوٹکس کنٹرول بیورو اور ممبئی پولیس کے بعد اب سی بی آئی کی بھی انٹری ہو گئی۔ دراصل این سی بی نے کیس کی تحقیقات کے لیے ایس آئی ٹی تشکیل دی تھی۔ جانچ کے لیے دہلی سے ٹیم آئی بھی تھی۔ حالانکہ شروع میں ممبئی پولیس کے اسسٹنٹ کمشنر پولیس سطح کے افسر معاملے کی جانچ کر رہے تھے۔ لیکن اب اس معاملے میں سی بی آئی نے سمیر وانکھیڑے سمیت چار افسران کے خلاف کیس درج کر لیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سی بی آئی نے ملزمین کے ممبئی، دہلی، رانچی اور کانپور میں 29 ٹھکانوں پر چھاپہ ماری کی ہے۔ خبر رساں ایجنسی اے این آئی نے جانکاری دی ہے کہ سی بی آئی نے نارکوٹکس کنٹرول بیورو کے سابق زونل ڈائریکٹر سمیر وانکھیڑے کے خلاف بدعنوانی کا معاملہ درج کیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ سمیر وانکھیڑے نے اکتوبر 2021 میں ممبئی میں کارڈیلیا کروز جہاز پر چھاپہ ماری کی قیادت کی تھی۔ اس دوران بالی ووڈ کے مشہور اداکار شاہ رخ خان کے بیٹے آرین خان کی بھی گرفتاری عمل میں آئی تھی۔واضح رہے کہ این سی بی نے رشوت خوری کے معاملے میں وانکھیڑے اور کچھ دیگر افسران کی جانچ کے لیے سی بی آئی کو لکھا تھا۔ اس کے بعد ہی سی بی آئی کے ذریعہ کارروائی ہوئی ہے اور چار ریاستوں میں ملزمین سے جڑے 29 ٹھکانوں پر چھاپہ ماری کی گئی۔
سمیر وانکھیڑے اور دیگر کے خلاف معاملہ این سی بی کی وجلنس رپورٹ کی فیکٹ فائنڈنگ کی بنیاد پر درج کیا گیا ہے۔ آر خان معاملے میں این سی بی کی وجلنس ٹیم نے ایک تفصیلی جانچ رپورٹ سمیر وانکھیڑے و دیگر کے خلاف تیار کی تھی جسے پہلے این سی بی کے ڈائریکٹر جنرل کو سونپا گیا تھا، پھر یہ رپورٹ وزارت داخلہ کو بھیجی گئی تھی۔اس معاملےمیں اس وقت کے مہاراشٹر کے وزیر نواب ملک نے حقائق کو منظرعام پرلانے کےلئے اہم رول ادا کیاتھا۔ بعد میں سیاسی مخاصمت کے باعث نواب ملک پرایک معاملے میں مقدمہ درج کرکے انھیں جیل بھیج دیاگیاہے۔ابھی تک رہائی عمل میں نہیں آئی ہے۔