آئی پی ایل: 6.02 ارب ڈالر میں نشریاتی حقوق کی فروخت، تمام سابقہ ریکارڈ ٹوٹ گئے

0 9

دنیا کے سب سے مہنگے کرکٹ مقابلے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی ٹی وی نشریات اور آن لائن سٹریمنگ کے حقوق ریکارڈ 6.02 ارب ڈالر میں فروخت ہوئے ہیں۔انڈین ارب پتی موکیش امبانی کے حمایت یافتہ ’وائے کام 18‘ ادارے نے آن لائن سٹریمنگ کے حقوق 3.05 ارب ڈالر میں حاصل کیے۔ جبکہ سٹار انڈیا، جس کی مالک کمپنی ڈزنی ہے، نے آئندہ پانچ برسوں کے لیے 3.05 ارب ڈالر میں ٹی وی رائٹس حاصل کیے ہیں۔

گذشتہ پانچ برسوں کے دوران آئی پی ایل کی نشریات کے حقوق سٹار انڈیا کے پاس تھے۔ اس نے یہ حقوق 2.4 ارب ڈالر میں حاصل کیے تھے تاہم اس بار نشریات کے یہ دونوں معاہدے اس سے دگنی رقم میں طے پائے ہیں۔ان اعداد و شمار کے بعد آئی پی ایل کا شمار اب کھیلوں کے ان مقابلوں میں ہو گا جن میں ہر میچ کی قیمت سب سے زیادہ ہے۔ ان میں امریکہ کی نیشنل فٹبال لیگ بھی شامل ہے۔آئی پی ایل کے نشریاتی حقوق جیتنے والی بولی کے تحت فی میچ یہ قیمت 73.6 لاکھ ڈالر بنتی ہے۔ اس دوران آئی پی ایل کے 410 میچز دکھائے جائیں گے۔

ڈیجیٹل سٹریمنگ رائٹس بھی سال 2023 سے 2027 تک کے دورانیے کے لیے فروخت کیے گئے ہیں جس کے مطابق ایک میچ دکھانے کی قیمت 64 لاکھ بنتی ہے۔انڈین کرکٹ بورڈ بی سی سی آئی کے سیکریٹری جے شاہ کا کہنا ہے کہ آئی پی ایل کی آمدن کو ملک میں کرکٹ کے فروغ کے لیے استعمال کیا جاتا ہے جس سے انفراسٹرکچر کی بہتری اور سہولیات میں اضافے کی امداد کی جاتی ہے۔وہ کہتے ہیں کہ ’اب وقت آ گیا ہے کہ ریاستی ایسوسی ایشنز اور آئی پی ایل ٹیمیں ایک ساتھ کام کریں اور یہ یقینی بنائیں کہ ہمارے سب سے بڑے سٹیک ہولڈر یعنی کرکٹ فین کا خیال رکھا جائے۔‘